19/11/2025
جموں کشمیر لبریشن فرنٹ (سنٹرل انفارمیشن آفس)۔
پریس رلیز مورخہ ۱۹ نومبر ۲۰۲۵ء۔
جموں کشمیر لبریشن فرنٹ آزاد کشمیر گلگت بلتستان و مہاجرین مقیم پاکستان زون کا کنونشن کل مورخہ ۱۸ نومبر ضلع باغ کے خواجہ جاوید اقبال کمیونٹی ہال میں چیف الیکشن کمشنر سلیم ہارون کی سربراہی میں پروقار طریقے سے منعقد ہوا جس کے مہمان خصوصی بھارتی تہاڑ جیل میں محبوس چیئرمین لبریشن فرنٹ محمد یاسین ملک کے نمائندہ خصوصی اور پارٹی کے مرکزی ترجمان محمد رفیق ڈار تھے۔ شہدائے عالی کدل کے نام سے منسوب اس زونل کنونشن میں جمہوری طریقے سے سردار ارباب حسین ایڈووکیٹ بحیثیت صدر، انجینئر ناصر کپوت سینئر نائب صدر اور ابرار افتخار جنرل سیکریٹری کے علاوہ دیگر عہدیداران پر مشتمل آزاد کشمیر گلگت بلتستان زون کا تنظیمی ڈاھانچہ تشکیل پا گیا ہے۔
جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے سنٹرل انفارمیشن آفس سے جاری تفصیلی بیان کے مطابق گذشتہ روز ضلع باغ کے صدر راجہ سبیل احمد کی صدارت میں کارکنان کی بڑی ریلی کے بعد کمیونٹی ہال میں جلسہ منعقد ہوا جس میں مقررین نے شہدائے عالی کدل کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ مقررین نے شہدائے عالی کدل شیخ عبدالحمید، کاروان مشتاق احمد لون، جمیل چوہدری ایڈووکیٹ، مشتاق احمد کٹے، منظور احمد خان، فیاض احمد شیخ اور غلام محمد کو ان کی گرانقدر خدمات اور قربانی پر روشنی ڈالی اور مادروطن کی آزادی و خودمختاری کے حصول کے لئے دی جانے والی لازوال قربانیوں کو مدءنظر رکھتے ہوئے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
بیان کے مطابق جلسے کے بعد الیکشن کمیشن نے چارج سنبھالتے ہی کمیشن کے دو ممبران خواجہ منظور احمد چشتی اور سردار محمد انور خان جبکہ بذات خود چیف الیکشن کمیشنر سلیم ہارون نے بھی شہدائے عالی کدل کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنی ذمہ داریوں اور اس دوران پیش آنے والے مسائل بالخصوص ۱۳ اگست کے ملتوی شدہ زونل انتخابات اور ضلع نیلم کے متنازع مسئلے پر وضاحت پیش کیں۔ سلیم ہارون نے گلگت بلتستان سمیت سندھ اور لاہور ڈویژنوں سے حاصل شدہ آن لائن ووٹنگ کے نتائج سنانے کے بعد ایک صدارتی امید وار شفقت مغل اور ان کے حمایت یافتہ دیگر عہدوں پر کھڑے امیدواران کی عدم موجودگی پر کنونشن میں موجود دوسرے صدارتی امیدوار سردار ارباب حسین ایڈووکیٹ اور ان کے حمایت یافتہ دیگر عہدوں پر کھڑے امیدواران کو بلا مقابلہ کامیاب قرار دینے کا اعلان سنایا۔
بیان کے مطابق چیف الیکشن کمیشنر کی طرف سے اعلان کے نتیجے میں سردار ارباب حسین ایڈووکیٹ زون کے صدر جبکہ سینئر نائب صدر گلگت سے انجینئر ناصر کپوت، نائب صدر اول محمد معروف ملک، نائب صدر دوم سید شہزاد نازکی، نائب صدر سوم الطاف احمد خان، جنرل سیکریٹری ابرار افتخار، چیف آرگنائزر عامر اشفاق، سیکریٹری اطلاعات طارق ندیم درانی، سیکریٹری فائنانس خان ساجد خان، ڈپٹی جنرل سیکریٹری محمد ایاز کیانی، ڈپٹی چیف آرگنائزر ملک طاہر اعوان، اسسٹنٹ جنرل سیکریٹری سید ظہیر احمد بخاری اور تصور احمد چغتائی آڈیٹر کامیاب قرار پاکر منتخب ہوئے۔
بیان کے مطابق سردار ارباب حسین ایڈووکیٹ کی صدارت میں نو منتخب زونل باڈی نے سابق زونل صدر ساجد صدیقی سے حلف لیتے ہی زونل جنرل سیکریٹری ابرار افتخار کی نظامت کاری میں کنونشن کے آخری مرحلے کا چارج سنبھالا جس دوران نومنتخب صدر ارباب حسین ایڈووکیٹ نے ان پر اعتماد کا اظہار کرنے والے جملہ پارٹی کارکنان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اہم نکات پر مبنی اپنے اگلے لائحہ عمل کا اعلان کیا۔
کنونشن کے اختتام پر مہمان خصوصی محمد رفیق ڈار نے سردار ارباب حسین ایڈووکیٹ کی سربراہی میں نومنتخب زونل قیادت اور راجہ سبیل کی قیادت میں ضلع باغ کی پوری ٹیم کو شاندار پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ نو منتخب زونل قیادت پارٹی پالیسی کے عین مطابق تنظیم و تحریک کی آبیاری میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے قابض وطن دشمنوں، ریاست میں موجود نظریاتی مخالفین اور پارٹی منحرفین سے نپٹنے کے لئے کارکنان کو اپنے اندر مقبول بٹ شہید، امان اللہ خان مرحوم اور محبوس چیئرمین محمد یاسین ملک جیسا کردار پیدا کرنے پر زور دیا۔
رفیق ڈار نے زونل کنونشن میں غیر حاضر پارٹی کے سینئر لیڈران اور ضلعی ذمہداران کے علاوہ دیگر کارکنان کو ان کی طرف سے تنظیم و تحریک کے لئے پیش کردہ گرانقدر خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ نومنتخب زونل قیادت کو بے شمار درپیش چیلنجز میں ناراض ارکان کو پارٹی سے جوڑنا سب سے اہم چیلنج ہے۔ انہوں نے غیر حاضر ارکان سے تنظیم و تحریک کے لئے حسب دستور بھر پور کردار ادا کرنے کا سلسلہ جاری رکھنے کی امید کا اظہار کیا۔
مہمان خصوصی نے اس موقع پر اپنی گفتگو میں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی نام نہاد حکومتوں پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کارکنان کو پارٹی کے پالیسی ساز ادارے سپریم کونسل میں اسمبلی انتخابات میں حصہ لینے پر ہونے والے بحث کی آگہی دیتے ہوئے گراس روٹ سطح پر تنظیم سازی جانفشانی کے ساتھ مکمل کرنے پر بھی زور دیا۔ رفیق ڈار نے ۱۸ نومبر ۱۹۹۲ء میں سرینگر عالی کدل کے مقام پر شہید ہونے والے اپنے قریبی ساتھیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے محبوس پارٹی چیئرمین محمد یاسین ملک و دیگر اسیران وطن کو خراج تحسین پیش کیا۔
بیان کے مطابق کنونشن سے بزرگ رہنما ملک لطیف، سردار زاہد حسین، اعظم ضیاء، ملک اسلم، شہزاد نازکی، اشفاق مرشد، طارق ندیم درانی، شوکت راہی، شاہد حنیف، عثمان کاشر، اسد عارف، جاوید اختر بٹ، راجہ شکیل، جہانزیب میر اور بابر شکور سمیت دیگر رہنماوں نے خطاب کیا جبکہ نظامت کاری کے فرائض مرحلہ وار محترمہ نصرت قریشی، عدنان خورشید، سردار انور اور ابرار افتخار نے سرانجام دیں۔ کنونشن میں عوامی ایکشن کمیٹی کے مقامی رہنما عثمان کاشر، امجدالاسلام امجد، کامریڈ مستنصر اور الیاس کشمیر بطور مبصر موجود رہے۔
منجانب: شعبہ نشرواشاعت جموں کشمیر لبریشن فرنٹ۔